اسلام آباد کے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں نومولود بچوں کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے پر وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں واقعے سے متعلق حکام کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے متعلقہ افسران پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی سیکریٹری صحت اسلم غوری کو فوری طور پر معطل کرکے عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم نے واقعے کی وجوہات، انتظامی غفلت اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔

انکوائری کمیٹی کی سربراہی سابق سیکریٹری داخلہ شاہد خان کریں گے، جبکہ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر بیرسٹر نبیل اعوان بھی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

کمیٹی واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی، جس میں اسپتال کے فائر سیفٹی انتظامات، انتظامی ذمہ داری اور آتشزدگی کے بعد کیے گئے اقدامات شامل ہوں گے۔

پمز سانحے میں نومولود بچوں کی ہلاکت کے بعد فائر سیفٹی انتظامات پر پہلے ہی سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں، جبکہ حکومت کی جانب سے ذمہ داران کے تعین اور کارروائی کا اعلان کیا گیا ہے۔