پنجاب حکومت نے آئندہ برس بسنت کا تہوار منانے کا فیصلہ کرلیا ہے، تاہم اس مرتبہ بسنت جنوری کے بجائے فروری میں منائی جائے گی۔

محکمہ داخلہ اور ضلعی حکومت نے آئندہ برس لاہور میں بسنت کے انعقاد کے لیے ابتدائی لائحہ عمل طے کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فروری میں رمضان المبارک کے آغاز کے پیش نظر بسنت کو جنوری کے آخری ایام کے بجائے فروری میں منعقد کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے، تاہم بسنت کی حتمی تاریخ صوبائی حکومت کی منظوری کے بعد مقرر کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بسنت کے انتظامات گزشتہ برس کے تجربات اور تمام متعلقہ امور کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے۔ پتنگ بازی سے متعلق معاملات کو بھی طے شدہ قواعد و ضوابط کے تحت منظم کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ڈور، گڈی اور پتنگ سازی کی اجازت بھی آئندہ دنوں میں دیے جانے کا امکان ہے، جبکہ بسنت کے دوران پتنگ بازی سے متعلق تمام معاملات کے لیے قواعد و ضوابط وضع کیے جائیں گے۔

پنجاب میں بسنت کا تہوار ایک طویل عرصے سے پابندیوں کا شکار رہا ہے۔ لاہور میں آخری مرتبہ بسنت کا تہوار 2009 میں منایا گیا تھا۔