میر رضا کے قتل کے ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف سٹی کورٹ میں وکلا کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔

اس موقع پر میر رضا کے والد میر حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کے بیٹے کے کیس میں سندھ حکومت کی جانب سے ٹیمپرنگ نظر آ رہی ہے۔

میر حسین نے کہا کہ کیس میں پولیس کی نااہلی سب کے سامنے ہے اور اب تک میر رضا کے قتل کے ذمہ داروں کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

انہوں نے ڈاکٹر اسامہ کو فارغ کیے جانے پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انہیں اس لیے ہٹایا گیا تاکہ وہ معاملے پر جواب نہ دے سکیں۔

میر رضا کے والد نے سوال کیا کہ کس کے دباؤ میں صرف تصاویر کی بنیاد پر پوسٹ مارٹم رپورٹ تیار کی گئی؟

انہوں نے مطالبہ کیا کہ میر رضا کے قتل کی شفاف تحقیقات کی جائیں، ذمہ دار افراد کو گرفتار کیا جائے اور کیس میں مبینہ بے ضابطگیوں کی مکمل تحقیقات سامنے لائی جائیں۔

میر حسین کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کے کیس میں پولیس کی کارکردگی اور تحقیقات پر کئی سوالات موجود ہیں اور اہل خانہ انصاف کے منتظر ہیں۔