چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر نے میرپور ڈویژن میں ووٹرز کے غیرمعمولی ٹرن آؤٹ کے باعث پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھانے کا فیصلہ کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق میرپور ڈویژن میں پولنگ، جو پہلے شام 5 بجے ختم ہونا تھی، اب شام 6 بجے تک جاری رہے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔

میرپور، بھمبر اور کوٹلی کے مختلف حلقوں میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی، جماعت اسلامی اور آزاد امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔ ڈویژن کے 6 انتخابی حلقوں میں مجموعی طور پر 126 امیدوار میدان میں ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق میرپور ڈویژن میں 14 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے 2,454 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

ادھر گزشتہ روز کوٹلی میں ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے دو پریذائیڈنگ افسران کو معطل کر کے گرفتار کیا گیا، جبکہ ان کی جگہ نئے افسران تعینات کر دیے گئے۔