وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف 4 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئی ہیں۔ ارومچی بین الاقوامی ایئرپورٹ پر چینی اعلیٰ حکام اور سفارتی نمائندوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔
مریم نواز شریف دورے کے پہلے روز شِن جِیانگ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کے کانفرنس سینٹر، کُنلُن ہال میں اپنی سرکاری مصروفیات کا آغاز کریں گی، جہاں ان کی چار اہم ملاقاتیں اور اجلاس ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے شِن جِیانگ کے پارٹی سیکرٹری چِن شیاوجیانگ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا وفد ملاقات کرے گا۔ اس کے علاوہ ڈپٹی پارٹی سیکرٹری شِن جِیانگ اویغور خودمختار علاقائی کمیٹی ہی ژونگ یو سے بھی ملاقات شیڈول ہے۔
مریم نواز شریف شِن جِیانگ پروڈکشن اینڈ کنسٹرکشن کور (XPCC) کے وفد سے بھی اہم ملاقات کریں گی، جس میں باہمی تعاون اور مختلف شعبوں میں روابط کے امکانات پر بات چیت متوقع ہے۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستانی وفد کے اعزاز میں ڈپٹی پارٹی سیکرٹری شِن جِیانگ اویغور خودمختار علاقائی کمیٹی، پارٹی سیکرٹری اور پولیٹیکل کمشنر ہی ژونگ یو کی جانب سے عشائیہ بھی دیا جائے گا۔






