قومی اسمبلی نے پمز اسلام آباد میں حالیہ آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں معصوم نومولود بچوں کی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متفقہ طور پر قرارداد منظور کرلی۔

قرارداد میں واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے نومولود بچوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ایوان نے مطالبہ کیا کہ آتشزدگی کے اسباب اور حالات کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور اگر کسی قسم کی غفلت یا حفاظتی اقدامات میں کوتاہی ثابت ہو تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔

قومی اسمبلی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے سے متعلق تمام حقائق سامنے لائے جائیں، غفلت کے مرتکب افراد کا تعین کیا جائے اور ان کا احتساب یقینی بنایا جائے۔

قرارداد میں وفاقی حکومت کے زیرِ انتظام اسپتالوں، خصوصاً نومولود اور بچوں کے یونٹس میں فائر سیفٹی پروٹوکولز اور ہنگامی انتظامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا گیا، تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات کی روک تھام ہوسکے۔

ایوان نے جاں بحق نومولود بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبر و حوصلے کی دعا بھی کی۔

قرارداد رکن قومی اسمبلی، پارلیمانی سیکریٹری برائے اطلاعات و نشریات اور وفاقی رابطہ کار برائے پارلیمانی کاکس برائے حقوقِ اطفال دانیال چوہدری نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کی۔