وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ دھرنا دینے والی قوتیں آزاد کشمیر کے انتخابات کو روکنا چاہتی تھیں، تاہم وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے اپنے منتخب نمائندوں کو اپنا مینڈیٹ دے دیا ہے اور انتخابات کے تیسرے مرحلے کی تکمیل کے بعد حکومت سازی کا عمل شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ دھرنا دینے والی قوتیں اب زمینی حقائق کا ادراک کرتے ہوئے احتجاج ختم کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مظاہرین کے جائز مطالبات پر نظرِ ثانی کرے گی، تاہم ہتھیار اٹھانے اور دشمن کا آلۂ کار بننے والوں کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے دھاندلی کے الزامات کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الزامات لگانے والوں نے اب تک کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی اپنی شکست کو دھاندلی کے بیانیے کے ذریعے چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے دھاندلی کا شور اب بھی جاری ہے، تاہم اس کی شدت پہلے کے مقابلے میں کم ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پیپلز پارٹی انتخابی نتائج کو تسلیم کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کو کامیابی پر مبارکباد دے گی۔

وزیرِ اعظم کے مشیر کے مطابق آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر پولنگ کا عمل پُرامن رہا اور عوام کو ووٹ کے حق سے روکنے کی کوشش کرنے والے عناصر اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے دعویٰ کیا کہ اب تک کے انتخابی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں دو تہائی اکثریت سے حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات ہوئے ہیں۔