88 کروڑ روپے کے مبینہ سرمایہ کاری فراڈ کیس میں مطلوب مرکزی ملزمہ وشاکھا راٹھور کو متحدہ عرب امارات سے بھارت منتقل کر دیا گیا، جہاں پونے پہنچتے ہی مہاراشٹر پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزمہ اپنے شوہر اویناش راٹھور کے ساتھ مل کر سرمایہ کاروں کو ماہانہ منافع کا جھانسہ دے کر مختلف سرمایہ کاری اسکیموں میں رقم لگوانے پر آمادہ کرتی رہی۔ تحقیقات کے مطابق دونوں پر الزام ہے کہ انہوں نے تقریباً 88 کروڑ روپے جمع کرنے کے بعد رقم مختلف بینک اور ڈی میٹ اکاؤنٹس میں منتقل کر دی۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی تحقیقاتی اداروں، وزارتِ خارجہ اور وزارتِ داخلہ کی مشترکہ کوششوں سے متحدہ عرب امارات کے حکام کے تعاون سے ملزمہ کو بھارت منتقل کیا گیا، جبکہ اس کے خلاف انٹرپول کا ریڈ نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔
اس سے قبل ملزمہ کے شوہر اویناش راٹھور کو بھی دبئی سے بھارت منتقل کر کے گرفتار کیا جا چکا ہے۔ حکام کے مطابق دونوں اس مبینہ سرمایہ کاری فراڈ کے مرکزی ملزمان ہیں، جبکہ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔






