پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر 10 رہنماؤں کی پارٹی رکنیت ختم کردی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی الیکشن 2026 کے دوران پارٹی فیصلوں اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر کی گئی۔ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین نے رہنماؤں کی رکنیت ختم کرنے کے احکامات جاری کیے۔
رکنیت سے محروم ہونے والوں میں مرکزی نائب صدور خواجہ طارق سعید ایڈووکیٹ اور سردار عنایت اللہ عارف، ضلع حویلی کے صدر شیخ خورشید اور ایل اے 44 ویلی راولپنڈی کے سابق ٹکٹ ہولڈر حمزہ مجید بازمی شامل ہیں۔
اسی طرح کوٹلی سے ملک یوسف اور رشید بانینان، سدھنوتی کے سابق ٹکٹ ہولڈر سردار رئیس انقلابی، سابق جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی سٹی میرپور راجہ ذوالفقار ذلفی، پی پی میرپور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری چوہدری عبدالرحمان ایڈووکیٹ اور جموں کے نائب صدر شوکت وزیر علی کی پارٹی رکنیت بھی ختم کردی گئی۔
رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت متعلقہ پارٹی قیادت کو ارسال کردیا گیا ہے۔






