ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے اس کے بجلی گھروں یا توانائی کی تنصیبات پر حملہ کیا تو جواب میں خلیجی ممالک کے اہم بجلی کے نظام اور بنیادی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دو خلیجی عہدیداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے غیر رسمی پیغامات کے ذریعے خبردار کیا ہے کہ امریکی کارروائی کی صورت میں خطے کے اہم بجلی کے نظام، توانائی کے مراکز اور دیگر حساس تنصیبات خطرے میں آ سکتی ہیں۔ تاہم ایران نے اس حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا۔

رپورٹ کے مطابق ایران نے مبینہ طور پر ایسے اہم اہداف کی فہرست بھی پیش کی ہے جنہیں جوابی کارروائی میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے، تاہم ان اہداف کی تفصیلات منظر عام پر نہیں لائی گئیں۔

ادھر خلیجی ممالک میں ان اطلاعات کے بعد تشویش پائی جا رہی ہے کیونکہ ان کی معیشت، تیل کی برآمدات، پانی صاف کرنے کے منصوبے اور مواصلاتی نظام بڑی حد تک بجلی کے مستحکم بنیادی ڈھانچے پر انحصار کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ دنوں ایران کو خبردار کیا تھا کہ اگر مذاکرات میں پیش رفت نہ ہوئی تو امریکا ایران کی توانائی اور بجلی کی تنصیبات کو نشانہ بنا سکتا ہے، تاہم بعد ازاں انہوں نے کہا کہ علاقائی اتحادیوں کی درخواست پر فوری کارروائی مؤخر کر دی گئی تاکہ سفارتی کوششوں کو موقع دیا جا سکے۔

اس وقت امریکا، ایران، عمان، قطر اور دیگر علاقائی ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ معاہدے کے لیے سفارتی رابطے جاری ہیں، اگرچہ کئی اہم معاملات پر ابھی اتفاق رائے ہونا باقی ہے۔