بہاول نگر کے علاقے مروٹ کے قریب زمیندار اور اس کے ساتھیوں کے مبینہ تشدد کا شکار 14 سالہ لڑکا اسپتال میں دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق تشدد کا واقعہ چار روز قبل پیش آیا، جس کے بعد زخمی لڑکے کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

لڑکے کی والدہ نے الزام عائد کیا ہے کہ کام کے دوران غلطی ہونے پر زمیندار نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اس کے بیٹے کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق واقعے پر لڑکے کی والدہ کی مدعیت میں تین ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ تشدد کے نتیجے میں لڑکے کی ہلاکت کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔