اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 افراد کی ہلاکت پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر زرداری نے واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں، خصوصاً نومولود بچوں کی حفاظت کے لیے مؤثر فائر سیفٹی اور ہنگامی انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جانے چاہئیں۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے بھی پمز میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اس کے محرکات کا تفصیلی جائزہ لینے اور ذمہ داران کا تعین کرنے کی ہدایت کی تھی۔

وزیراعظم نے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا، جبکہ واقعے کے بعد ہسپتالوں میں حفاظتی اور فائر سیفٹی انتظامات پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔