پمز اسپتال میں بچوں کی المناک اموات کے معاملے پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت نے ہنگامی اجلاس کل طلب کر لیا ہے۔

سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق اجلاس کل دوپہر 12 بجے پمز اسپتال کے کانفرنس روم میں ہوگا، جس کی صدارت قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عامر ولی الدین چشتی کریں گے۔

نوٹس کے مطابق سانحہ پمز اور بچوں کی اموات اجلاس کا واحد ایجنڈا ہوگا۔ اجلاس میں پمز کے اعلیٰ حکام کمیٹی کو واقعے کی تفصیلات، حقائق اور اب تک ہونے والی تحقیقات میں پیش رفت سے آگاہ کریں گے۔

قائمہ کمیٹی اسپتال میں موجود طبی پروٹوکول، مریضوں کی حفاظت کے انتظامات اور انتظامی سطح پر ممکنہ خامیوں کا بھی جائزہ لے گی۔

اجلاس کے بعد کمیٹی ارکان جائے سانحہ سمیت پمز کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کریں گے اور صورتحال کا براہِ راست جائزہ لیں گے۔

کمیٹی واقعے کے ذمہ داران کے تعین اور احتساب کے ساتھ ساتھ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سفارشات بھی مرتب کرے گی۔