پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ موجودہ نظام عوام کا اعتماد کھو چکا ہے، اس لیے ملک میں سیاسی نظام کو "ری سیٹ" کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایسے حالات میں نئی حکومتیں بنانے کے بجائے عوام سے دوبارہ رجوع کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک اہم حکومتی اتحادی کی جانب سے وزیراعظم کو دھاندلی زدہ قرار دینے کے بعد وزیراعظم کو فوری طور پر اعتماد کا ووٹ لینا چاہیے تھا، تاہم ایسا نہ ہونے سے حکومت اپنا اخلاقی جواز کھو بیٹھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پورا حکومتی ڈھانچہ عملی طور پر کولیپس کر چکا ہے اور آئینی، قانونی و جمہوری اعتبار سے حکومت اپنی حیثیت برقرار نہیں رکھ سکی۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق وزیراعظم عوام اور اتحادیوں کا اعتماد کھو چکے ہیں، جبکہ عدم اعتماد لانے کا آئینی راستہ موجود ہے اور اس حوالے سے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے قومی مفاد میں سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ اتفاق رائے سے موجودہ سیاسی بحران کا حل نکالیں اور صوبوں کے عوامی مطالبات پر سنجیدگی سے پیش رفت کریں۔