اسلام آباد (افضل شاہ یوسفزئی ):- پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے کراچی پورٹ ٹرسٹ میں مبینہ طور پر 1200 خلاف ضابطہ بھرتیوں کے معاملے کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ ریکارڈ طلب کر لیا۔ آڈٹ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ بھرتیاں میرٹ، اشتہار اور قواعد کے برخلاف کی گئیں، جبکہ شوکاز نوٹس جاری ہونے پر ملازمین عدالت سے رجوع کر گئے۔ آڈٹ حکام کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ تاحال ان ملازمین کا مکمل ریکارڈ فراہم نہیں کر رہا۔ اجلاس کے دوران بعض ارکان نے خدشہ ظاہر کیا کہ ریکارڈ نہ ملنے سے گھوسٹ ملازمین کا شبہ پیدا ہوتا ہے، تاہم چیئرمین کے پی ٹی نے کہا کہ تمام ملازمین ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں اور گھوسٹ ملازمین نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بھرتیاں سابق وفاقی وزیر بابر غوری کے دور میں کی گئی تھیں۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ تمام ریکارڈ پیش کیا جائے اور بے ضابطگیاں ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
سیاست
کراچی پورٹ ٹرسٹ کی 1200 بھرتیوں پر پی اے سی کا سخت سوال، ریکارڈ فراہم نہ کرنے پر تشویش

سیاست · The Frontier Voice





