جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی۔ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی کا معاملہ ان کے ہاتھ میں ہوتا تو اب تک ان کا علاج ہوچکا ہوتا۔

مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی، جس میں متحدہ اپوزیشن کے قیام اور آئندہ کے مشترکہ پارلیمانی کردار پر مشاورت کی گئی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اصولی طور پر اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو متحدہ اپوزیشن کی طرف جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ پارلیمانی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے مزید مشاورت اور ملاقاتیں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کے لیے بھی ماحول بننا چاہیے۔

پیپلز پارٹی کو متحدہ اپوزیشن میں شامل کرنے سے متعلق سوال پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت میں ہے۔

ملاقات میں مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ کامران مرتضیٰ اور مولانا واسع جبکہ محمود خان اچکزئی کے ساتھ اخونزادہ حسین یوسفزئی اور اسد قیصر موجود تھے۔