پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان پنجابی، سندھی، بلوچ، سرائیکی اور پشتون سمیت تمام قومیتوں کا مشترکہ ملک ہے، جہاں کوئی آقا اور غلام نہیں۔ آئین اور قانون کے مطابق تمام قومیتوں کو مساوی حقوق اور برابری ملنی چاہیے۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام تین روزہ گرینڈ پشتون قومی جرگہ شروع ہوگیا ہے، جس میں مختلف علاقوں سے پشتون قبائلی عمائدین اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہیں۔ جرگے کی صدارت نواب ایاز خان جوگیزئی کر رہے ہیں۔
جرگے سے خطاب کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہا کہ یہ جرگہ کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ پشتون قوم کی بقا اور مستقبل سے متعلق اہم معاملات پر غور کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق جرگہ بنوں قومی جرگے کے فیصلوں کا تسلسل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشتون علاقوں میں لیتھیم، سونا، چاندی، تانبا اور دیگر قیمتی معدنیات سمیت بے پناہ قدرتی وسائل موجود ہیں، تاہم ان وسائل کے باوجود باصلاحیت نوجوان روزگار کے لیے بیرونِ ملک مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔
محمود اچکزئی نے کہا کہ پشتون دہشت گرد نہیں بلکہ مہمان نواز، انسان دوست اور پرامن قوم ہیں۔ انہوں نے پشتون علاقوں میں بدامنی اور خونریز واقعات کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پشتونوں کی جان، مال اور عزت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بندوق کسی مسئلے کا حل نہیں اور پشتون قوم کے لیے سیاسی مذاکرات ہی راستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتون اپنی سرزمین کے وسائل پر بھیک نہیں بلکہ آئینی اور جائز حق چاہتے ہیں۔
جرگہ انتظامیہ کے مطابق گرینڈ پشتون قومی جرگہ یکم ستمبر تک جاری رہے گا، جس میں پشتون قوم کے مستقبل، وسائل، امن اور سیاسی معاملات پر غور کیا جائے گا۔






