پشاور: جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیرِ اہتمام پشاور میں پیٹرولیم لیوی، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مظاہرین نے مہنگائی، بڑھتی ہوئی پیٹرولیم قیمتوں اور بجلی کی مسلسل لوڈشیڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری ریلیف فراہم کرنے اور عوام پر معاشی بوجھ کم کرنے کا مطالبہ کیا۔

احتجاجی مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی عبدالواسع اور امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور بحراللہ خان ایڈووکیٹ نے خطاب کیا۔ انہوں نے حکومت سے پیٹرولیم لیوی پر نظرثانی، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنما مولانا حنیف اللہ، حمداللہ جان اور سراج الدین قریشی بھی موجود تھے، جبکہ شرکاء نے مہنگائی اور توانائی کے بحران کے خلاف نعرے لگائے۔