وزارتِ مذہبی امور نے کہا ہے کہ حج پورٹل کے ذریعے پرائیویٹ حج اسکیم کی بکنگ مقررہ کوٹہ مکمل ہونے تک جاری رہے گی۔
وزارت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق حج آپریشن کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کی حکومتی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ سرکاری حج اسکیم کے لیے مختص نشستیں صرف 7 روز میں مکمل ہوگئیں، جبکہ 20 سے 25 روزہ شارٹ حج پیکج کی نشستیں بکنگ شروع ہونے کے پہلے 24 گھنٹوں میں ہی مکمل ہوگئیں۔
اعلامیے کے مطابق لانگ حج پیکج کی باقی نشستیں بھی 25 اگست کو دوپہر 12 بجے تک مکمل ہونے کی توقع ظاہر کی گئی تھی۔
وزارتِ مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ پرائیویٹ حج اسکیم کے لیے حج پورٹل کے ذریعے بکنگ کوٹہ مکمل ہونے تک جاری رہے گی۔
وزارت کے مطابق سرکاری حج اسکیم کی تمام نشستوں کا صرف سات روز میں مکمل ہونا حج آپریشن کی ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔ حج واجبات کی وصولی کا عمل 18 اور 19 اگست کی درمیانی شب شروع ہوا تھا۔






