پاکستانی اداکارہ حرا خان نے اداکارہ صبا فیصل کے طلاق سے متعلق حالیہ بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنازے اٹھانے سے بہتر ہے والدین اپنے سر جھکا لیں۔
حرا خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں صبا فیصل کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے بھی یہ بات کہہ چکی ہیں اور دوبارہ کہتی ہیں کہ صبا فیصل کو مدد کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب اداکارہ زویا ناصر نے بھی اس معاملے پر سوشل میڈیا پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے اور یہ ایک خطرناک اور پیچیدہ بیانیہ ہے۔
یہ ردِعمل صبا فیصل کی اس ویڈیو کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے طلاق کے حوالے سے معاشرتی رویوں میں آنے والی تبدیلیوں پر گفتگو کی تھی۔
صبا فیصل نے ماضی کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ پہلے طلاق کو پورے خاندان کے لیے انتہائی تکلیف دہ واقعہ سمجھا جاتا تھا اور خاندان طویل عرصے تک یہ سوچتا رہتا تھا کہ آخر کیا غلط ہوا۔ ان کے مطابق ماضی میں بیٹی کی شادی ختم ہونے پر والد بھی شرمندگی محسوس کرتے تھے اور لوگوں کا سامنا کرنے سے گریز کرتے تھے۔






