پاکستانی فلم اسٹار میرا کی چھوٹی بہن شائستہ عباس کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہیں، جس کے بعد اداکارہ نے مداحوں سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

اداکارہ میرا نے سوشل میڈیا پر اپنی بہن کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی بیماری سے متعلق اطلاع دی۔ تصویر میں علاج کے دوران بال جھڑنے کے آثار بھی دکھائی دیتے ہیں۔

شائستہ عباس ماضی میں مختصر عرصے کے لیے شوبز انڈسٹری سے وابستہ رہی ہیں اور چند پاکستانی ڈراموں میں بھی اداکاری کر چکی ہیں۔ بعد ازاں وہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے برطانیہ منتقل ہو گئی تھیں۔

رپورٹس کے مطابق میرا تاحال اپنی بہن تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہیں، جس کی وجہ سے یہ مشکل وقت ان کے لیے مزید تکلیف دہ بن گیا ہے۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مداحوں سے بہن کی صحت یابی کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی۔ ان کی اس اپیل کے بعد سوشل میڈیا صارفین اور شوبز شخصیات کی جانب سے ہمدردی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

مداحوں نے شائستہ عباس کی جلد صحت یابی اور مکمل تندرستی کے لیے دعائیں بھی کی ہیں۔