آنجہانی پوپ فرانسس کی ذاتی ڈائری کے ایسے مندرجات سامنے آئے ہیں جنہوں نے دنیا بھر میں حیرت اور تجسس پیدا کر دیا ہے۔ ڈائری کے مطابق پوپ فرانسس نے اپنی زندگی میں تین مرتبہ شیطان کو دیکھنے اور ایک موقع پر جہنم کے دروازے دیکھنے کا دعویٰ کیا تھا۔

یہ انکشافات ایک نئی کتاب The Private Diary of Pope Francis میں سامنے آئے ہیں، جسے ارجنٹائن کے کارڈینل وکٹر مینوئل فرنانڈیز نے مرتب کیا ہے۔ کتاب میں 1992 سے 2024 کے درمیان پوپ فرانسس کی ذاتی ڈائری میں لکھی گئی منتخب تحریریں شامل ہیں۔

کارڈینل فرنانڈیز کے مطابق پوپ فرانسس خود چاہتے تھے کہ ان کی ڈائری کے بعض مندرجات دنیا کے سامنے لائے جائیں۔ ان کے انتقال کے بعد ڈائری کے اقتباسات کی اشاعت کے لیے نئے پوپ لیو چہاردہم سے اجازت بھی حاصل کی گئی۔

کتاب کے فرانسیسی ایڈیشن کی پیشگی کاپی کے مطابق پوپ فرانسس نے 24 جنوری 2021 کو اپنی ڈائری میں لکھا کہ انہیں زندگی کے تین ایسے واقعات یاد ہیں جن میں انہیں یقین تھا کہ شیطان جسمانی طور پر ان کے سامنے ظاہر ہوا تھا۔

ان کے مطابق دو واقعات بیونس آئرس میں آرچ بشپ کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کرنے کے دوران پیش آئے، جبکہ تیسرا واقعہ چلی کے دورے کے بعد روم میں ایک ملاقات کے دوران ہوا۔

پہلے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ تقریباً 15 سال قبل گاڑی میں گھر واپس جاتے ہوئے انہوں نے کھڑکی سے شیطان کو دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کی آنکھیں خوفناک ہونے کے ساتھ عجیب کشش بھی رکھتی تھیں، جنہیں وہ کبھی فراموش نہیں کر سکے۔

دوسرے واقعے میں پوپ فرانسس نے ایک چیپل میں عبادت کے دوران شیطان کو دیکھنے کا ذکر کیا، جس کی آنکھیں ان کے مطابق آگ کے شعلوں کی مانند تھیں۔ تیسرے واقعے کے حوالے سے انہوں نے لکھا کہ روم میں ایک اجلاس کے دوران انہوں نے شیطان کو دیکھنے کے ساتھ اس کی آواز بھی سنی۔

ڈائری میں ایک اور غیر معمولی دعویٰ بھی درج ہے۔ 7 جون 2018 کی تحریر میں پوپ فرانسس نے لکھا کہ اس سے ایک رات قبل، سونے کی تیاری کے دوران، انہوں نے جہنم کے دروازے دیکھے تھے۔

یہ تحریریں پوپ فرانسس کے ذاتی تجربات اور ان کی اپنی تشریح پر مبنی ہیں، جن کی آزادانہ سائنسی تصدیق سامنے نہیں آئی۔ تاہم، ان کے نجی خیالات اور روحانی تجربات کی اشاعت نے ان کی زندگی کے ایک ایسے پہلو کو سامنے لایا ہے جو عام طور پر دنیا کی نظروں سے پوشیدہ رہا۔