پاکستان میں موسمِ سرما کی آمد کے ساتھ مختلف موسمی اور متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھنے لگا ہے، جس کے پیشِ نظر قومی ادارہ صحت نے وفاقی اور صوبائی صحت حکام کے لیے متعدد ایڈوائزریاں جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق سرد موسم، درجہ حرارت میں کمی اور بڑھتی ہوئی اسموگ کے باعث موسمی فلو، سانس کی بیماریوں اور بعض دیگر متعدی امراض کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔
ایڈوائزری میں موسمی فلو کے علاوہ خسرہ، خناق، کالی کھانسی اور تشنج جیسی بیماریوں کے ممکنہ پھیلاؤ پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے، جبکہ بچوں کی معمول کی ویکسینیشن اور رہ جانے والی حفاظتی ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق شدید اسموگ نہ صرف سانس لینے میں دشواری پیدا کر سکتی ہے بلکہ پہلے سے سانس اور دل کے امراض میں مبتلا افراد کی صحت کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔ بچوں اور بزرگ شہریوں کو موسمِ سرما کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
قومی ادارہ صحت نے صوبائی محکمہ صحت، اسپتالوں اور تشخیصی لیبارٹریوں کو بیماریوں کی نگرانی بہتر بنانے، بروقت تشخیص اور علاج یقینی بنانے، اور مریضوں میں اضافے کی صورت میں طبی سہولیات تیار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر بروقت طبی معائنہ کرائیں، ویکسینیشن مکمل رکھیں، اسموگ کے دوران غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور بچوں و بزرگوں کی صحت کا خصوصی خیال رکھیں۔
ماہرین کے مطابق موسمِ سرما میں بروقت احتیاط، ویکسینیشن اور بیماریوں کی ابتدائی تشخیص کئی سنگین طبی پیچیدگیوں سے بچنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔





