جاپان نے مریخ کے چاند فوبوس سے مٹی، گرد اور چٹانوں کے نمونے حاصل کرکے زمین پر لانے کے لیے اپنا خلائی مشن روانہ کر دیا ہے۔ اس مشن کا مقصد مریخ کے چاندوں کی ابتدا اور نظامِ شمسی کی تشکیل سے متعلق اہم رازوں سے پردہ اٹھانا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق جاپان ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی کے تیار کردہ اس مشن کو ایچ تھری راکٹ کے ذریعے تانیگاشیما خلائی مرکز سے روانہ کیا گیا۔ اسے مریخ کے ایک چاند سے نمونے حاصل کرکے زمین پر لانے کی جانب ایک اہم سائنسی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پانچ سالہ اس مشن کے دوران فوبوس کی سطح پر ایک روبوٹک پروسپیکٹر اور ایک خودکار گاڑی اتارنے کی کوشش کی جائے گی۔ ان آلات کی مدد سے چاند کی سطح کا جائزہ لیا جائے گا اور وہاں سے نمونے جمع کیے جائیں گے۔
مشن کی کامیابی کی صورت میں فوبوس سے حاصل کیے گئے مٹی، گرد اور چٹانوں کے ذرات 2031ء میں زمین پر پہنچ سکتے ہیں۔ اس منصوبے میں امریکی خلائی ادارے ناسا اور یورپی شراکت دار بھی تعاون کر رہے ہیں۔
سائنس دانوں کو امید ہے کہ ان نمونوں کے تجزیے سے یہ سمجھنے میں مدد ملے گی کہ مریخ کے چاند کیسے وجود میں آئے اور نظامِ شمسی کی تشکیل کے دوران کون سے عوامل کارفرما تھے۔ اس تحقیق سے مریخ اور اس کے گرد موجود خلائی ماحول کے بارے میں نئی معلومات بھی سامنے آنے کی توقع ہے۔