امریکی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے اپنے مستقبل کے منفرد پک اَپ ٹرک سائبر ٹرک کی پیداوار 2027 کے وسط تک بتدریج بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ گاڑی کی توقعات سے کم فروخت اور کمپنی کی بدلتی ہوئی کاروباری حکمت عملی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک نے جمعے کو اعلان کیا کہ ٹیکساس میں واقع کمپنی کے کارخانے میں سائبر ٹرک کی پیداوار کم کرکے بالآخر بند کر دی جائے گی۔
مسک کے مطابق اس اقدام سے کمپنی کو اپنی خودکار ٹیکسی سائبرکیب کی تیاری بڑھانے میں مدد ملے گی۔ سائبرکیب ٹیسلا کے مستقبل کے اہم منصوبوں میں شامل ہے، جس کے ذریعے کمپنی بغیر ڈرائیور کے چلنے والی ٹیکسیوں کا نیٹ ورک قائم کرنا چاہتی ہے۔
سائبر ٹرک کو 2019 میں پہلی مرتبہ متعارف کرایا گیا تھا۔ اس کا غیر معمولی ڈیزائن اور اسٹین لیس اسٹیل سے بنا بیرونی ڈھانچہ ابتدا ہی سے بحث کا موضوع رہا۔ کمپنی نے اسے روایتی پک اَپ ٹرکوں کا جدید متبادل قرار دیا تھا، لیکن اس کی فروخت توقعات کے مطابق نہیں رہی۔
کیلی بلیو بک کے اعداد و شمار کے مطابق ٹیسلا نے امریکا میں 2024 کے دوران 38 ہزار 965 سائبر ٹرک فروخت کیے، جبکہ 2025 میں یہ تعداد کم ہو کر 20 ہزار 237 رہ گئی۔ یوں ایک سال میں فروخت تقریباً 48 فیصد کم ہوئی۔
یہ تعداد ایلون مسک کے اس سابقہ ہدف سے بھی بہت کم ہے جس میں انہوں نے سالانہ ڈھائی لاکھ سائبر ٹرک فروخت کرنے کی توقع ظاہر کی تھی۔
گاڑی کو مختلف تکنیکی اور حفاظتی مسائل کا بھی سامنا رہا۔ امریکی ادارے نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن کے مطابق سائبر ٹرک کو مختلف مسائل کے باعث متعدد مرتبہ واپس منگوانا پڑا۔
ماہرین کے مطابق امریکا میں الیکٹرک پک اَپ ٹرک مجموعی طور پر بھی زیادہ مقبولیت حاصل نہیں کر سکے۔ اس کے علاوہ سائبر ٹرک کا مخصوص ڈیزائن یورپ میں پیدل چلنے والوں کی حفاظت سے متعلق سخت ضوابط کے باعث منظوری حاصل کرنے میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔
دوسری جانب ٹیسلا اب اپنی توجہ خودکار ڈرائیونگ، مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس پر مرکوز کر رہی ہے۔ کمپنی کی سائبرکیب دو نشستوں والی خودکار ٹیکسی ہے، جس میں روایتی اسٹیئرنگ وہیل اور پیڈلز موجود نہیں ہیں۔
ٹیسلا نے ابھی یہ واضح نہیں کیا کہ سائبر ٹرک کی پیداوار کسی دوسرے کارخانے میں منتقل کی جائے گی یا اسے مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔ تاہم یہ فیصلہ کمپنی کی ترجیحات میں ایک بڑی تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔





