چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے موصول ہونے والی اطلاعات حوصلہ افزا نہیں ہیں۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق پوری قوم کو ان کی صحت کے بارے میں تشویش ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ میں 18 اگست کے عدالتی حکم پر عمل درآمد کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے۔
ان کے مطابق عدالتی حکم میں بانی پی ٹی آئی کی منتقلی اور علاج کی ہدایت کے ساتھ میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا بھی کہا گیا تھا۔
بیرسٹر گوہر نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ اس معاملے کی سماعت جلد مقرر کی جائے تاکہ طبی سہولتوں سے متعلق فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے متعلق بھی تشویش کا اظہار کیا اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔





