وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ عامر ڈوگر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں کمیٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی۔

ذرائع کے مطابق طارق فضل چوہدری نے عامر ڈوگر سے درخواست کی کہ اپوزیشن پارلیمانی کمیٹی میں شمولیت کے لیے اپنے نام جلد اسپیکر کو بھجوائے۔

گفتگو کے دوران عامر ڈوگر نے کمیٹی کی تشکیل اور ارکان کی تعداد سے متعلق سوال کیا۔ اس پر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ قومی اسمبلی میں نشستوں کے تناسب سے کمیٹی میں حکومت کے 15 اور اپوزیشن کے 5 ارکان شامل ہوں گے۔

عامر ڈوگر نے مؤقف اختیار کیا کہ 2013 میں قائم انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل کا فارمولا بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارلیمانی قیادت سے مشاورت کے بعد حکومت کو جواب دیں گے۔

عامر ڈوگر کا مزید کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی کو سب سے پہلے گزشتہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کرنی چاہئیں۔