جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے اہل خانہ اور قریبی ساتھیوں کے خلاف مبینہ ٹیکس چوری، مالی بے ضابطگیوں اور آمدن چھپانے سے متعلق شکایت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں جمع کرا دی گئی ہے۔
درخواست میں سینیٹر کامران مرتضیٰ، لطف الرحمان، ضیاء الرحمان، اسعد محمود اور ابرار احمد خان کے اثاثوں، بینک اکاؤنٹس، کاروباری سرگرمیوں اور ذرائع آمدن کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
شکایت کنندہ نے نامزد افراد کے بینک اکاؤنٹس اور مالی لین دین کا ان کے ظاہر کردہ اثاثوں اور ٹیکس گوشواروں سے تقابلی جائزہ لینے کی استدعا کی ہے۔ درخواست میں ابرار احمد خان کے ٹریول اینڈ ٹورز کے کاروبار اور مختلف فلاحی، تعلیمی اور کاروباری اداروں سے منسلک مالی معاملات کی تحقیقات بھی شامل ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق مبینہ غیر ظاہر شدہ آمدن اور مشتبہ مالی لین دین کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔





