ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے ایران جنگ اور ری پبلکن پارٹی کی انتخابی شکست سے متعلق بیان پر طنز کرتے ہوئے انہیں جواری سے تشبیہ دے دی ہے۔

باقر قالیباف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ امریکی نائب صدر کا انداز ایسے جواری جیسا ہے جو مسلسل شکست کے باوجود کھیل کی میز چھوڑنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے جے ڈی وینس کو مشورہ دیا کہ وہ طویل بیانات دینے کے بجائے یہی بات اپنے باس، صدر ٹرمپ، کے سامنے رکھیں۔

یہ ردعمل جے ڈی وینس کی اس پوسٹ کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ ایران جنگ ری پبلکن پارٹی کی انتخابی شکست کی بنیادی وجوہات میں شامل ہے۔

وینس کے مطابق مہنگائی، ایران جنگ، امریکی مفادات اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات سے متعلق پالیسیوں نے بھی ووٹرز کے انتخابی رجحان کو متاثر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی شکست کے بعد ری پبلکن پارٹی میں اس کی وجوہات پر بحث اور اختلافات سامنے آ سکتے ہیں۔