نامور بھارتی اداکار رنبیر کپور نے ہندی فلم انڈسٹری کے لیے استعمال ہونے والی اصطلاح ’بالی ووڈ‘ پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں یہ نام پسند نہیں۔
برطانوی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں رنبیر کپور سے پوچھا گیا کہ وہ بالی ووڈ کی اصطلاح کیوں پسند نہیں کرتے؟ اس پر اداکار نے کہا کہ یہ نام ہالی ووڈ سے نقل کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق جب شہر کا نام بمبئی تھا تو اس سے بالی ووڈ کی اصطلاح بنائی گئی، جبکہ تیلگو فلم انڈسٹری کے لیے ٹالی ووڈ کا نام استعمال ہونے لگا۔
رنبیر کپور کا کہنا تھا کہ وہ خود کو بالی ووڈ اداکار کہلوانے کے بجائے بھارتی سنیما کا نمائندہ کہلوانا پسند کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مختلف ثقافتوں، زبانوں اور ریاستوں پر مشتمل ملک ہے، لیکن فن کی تخلیق سب کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہے۔ ان کے مطابق اگر کہانی اپنی ثقافت اور روایات سے جڑی ہو تو وہ دنیا بھر کے لوگوں کے دلوں تک پہنچ سکتی ہے۔





