جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا، جہاں لگژری گھڑی چوری کرنے والا شخص چند روز بعد وہی گھڑی ایک پارسل کے ذریعے دکان کو واپس بھیج گیا۔ پارسل میں گھڑی کے ساتھ ایک مختصر معافی نامہ بھی موجود تھا، جس پر صرف ’سوری‘ لکھا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک شخص گاہک بن کر گھڑیوں کی دکان میں داخل ہوا اور سوئس لگژری برانڈ آڈیمار پیگے کی تقریباً 2 لاکھ 90 ہزار ڈالر مالیت کی گھڑی دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔
اس نے گھڑی اپنی کلائی پر پہن کر دیکھی، تاہم اسے واپس کرنے کے بجائے دکان سے باہر بھاگ گیا۔ واقعے کے وقت دکان میں دو ملازمین موجود تھے، لیکن کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔
چوری کے چند روز بعد دکان کو جاپان کے صوبے آئچی سے ایک کوریئر پارسل موصول ہوا۔ اس میں وہی گھڑی اور ایک معافی نامہ موجود تھا۔
جاپانی اخبار اساہی شمبن اور مقامی میڈیا نے تفتیشی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ گھڑی کا سیریل نمبر چیک کرنے پر تصدیق ہوگئی کہ یہ وہی گھڑی ہے جو دکان سے چوری ہوئی تھی۔
دکان کی انتظامیہ نے واقعے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا، جبکہ ٹوکیو پولیس تاحال مشتبہ شخص کی تلاش میں ہے۔





