وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کے جائزہ اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرولیم سبسڈی اسکیم کے تحت 4 نومبر تک ایک کروڑ 55 لاکھ 9 ہزار 282 مستحق شہری رجسٹر ہو چکے ہیں، جبکہ انہیں مجموعی طور پر 28.6 ارب روپے کی ادائیگیاں کی جا چکی ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رجسٹرڈ افراد میں ایک کروڑ 50 لاکھ 60 ہزار موٹر سائیکل مالکان اور 449 ہزار 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان شامل ہیں۔ اسکیم کے تحت اب تک 6 کروڑ 31 لاکھ سے زائد ٹوکن جاری کیے گئے، جن میں سے 5 کروڑ 94 لاکھ سے زیادہ استعمال ہو چکے ہیں۔

وزیراعظم نے اسکیم کی شفافیت اور کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ رجسٹرڈ مستحقین کو سہولت فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس فوری طور پر منسوخ کیے جائیں۔

اجلاس میں صارفین اور پیٹرول پمپ مالکان کی رہنمائی اور شکایات کے ازالے کے لیے الگ الگ کال سینٹرز کے فعال ہونے سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے اسکیم کی نگرانی اور ڈیش بورڈ کی تیاری میں متعلقہ ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔