امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کے دو سال مکمل ہونے پر وسط مدتی انتخابات کے لیے پولنگ شروع ہوگئی ہے۔ ان انتخابات میں ایوانِ نمائندگان کی تمام 435 نشستوں اور سینیٹ کی 35 نشستوں پر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
پولنگ کا آغاز سب سے پہلے ریاست ورمونٹ میں مقامی وقت کے مطابق صبح 5 بجے ہوا، جبکہ نیو ہیمپشائر، نیو جرسی، نیویارک اور ورجینیا میں پولنگ اسٹیشن صبح 6 بجے کھلے۔ الاسکا اور واشنگٹن میں آخری پولنگ اسٹیشن صبح 11 بجے کھلنے تھے، جبکہ ہوائی میں ووٹنگ دوپہر 12 بجے شروع ہونا تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیموکریٹس ایوانِ نمائندگان میں اکثریت حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہیں، تاہم سینیٹ کا کنٹرول غیر یقینی ہے۔ ایوانِ نمائندگان میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے ڈیموکریٹس کو مزید تین نشستیں جبکہ سینیٹ میں اکثریت کے لیے چار نشستیں درکار ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایران کے ساتھ جنگ، ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور مہنگائی صدر ٹرمپ کی مقبولیت میں کمی کی اہم وجوہات ہیں۔ اگر ڈیموکریٹس ایوانِ نمائندگان میں اکثریت حاصل کر لیتے ہیں تو انہیں ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف تحقیقات اور صدر کی اہم نامزدگیوں کو روکنے کا اختیار مل سکتا ہے۔





