لبلبے کے کینسر کے علاج میں ایک نئی تحقیق نے امید کی کرن پیدا کی ہے، جہاں ایک نئی دوا کے امتزاج سے بعض مریضوں میں ٹیومر نہ صرف سکڑ گئے بلکہ کچھ کیسز میں اسکین پر نظر آنا بھی بند ہوگئے۔

تحقیق میں Daraxonrasib نامی دوا کو کیموتھراپی کے ساتھ استعمال کیا گیا۔ اس ابتدائی تحقیق میں 61 ایسے مریض شامل تھے جنہیں لبلبے کا کینسر لاحق تھا اور بیماری جسم کے دوسرے حصوں تک پھیل چکی تھی۔

نتائج کے مطابق تقریباً 90 فیصد مریضوں میں ٹیومر کی بڑھوتری رک گئی، جبکہ 60 فیصد سے زائد مریضوں میں ٹیومر سکڑ گئے یا ختم ہوتے دکھائی دیے۔ تقریباً 8 فیصد مریضوں میں کینسر سی ٹی اسکین پر قابلِ شناخت نہیں رہا۔

لبلبے کا کینسر دنیا کے خطرناک ترین سرطانوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس کی تشخیص اکثر اس وقت ہوتی ہے جب بیماری کافی آگے بڑھ چکی ہو، جس کے باعث علاج کے امکانات محدود ہو جاتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نتائج انتہائی حوصلہ افزا ہیں، تاہم ابھی اسے کینسر کا مکمل علاج یا یقینی cure قرار نہیں دیا جا سکتا۔ مریضوں کی طویل مدتی صحت، کینسر کی واپسی اور مجموعی بقا کے بارے میں مزید تحقیق ضروری ہے۔

یہ پیش رفت اس امید کو تقویت دیتی ہے کہ مستقبل میں کینسر کے علاج میں روایتی کیموتھراپی کے ساتھ مخصوص جینیاتی تبدیلیوں کو نشانہ بنانے والی ادویات زیادہ مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔