دنیا بھر میں مشہور دیوہیکل عفریت گوڈزیلا ایک بار پھر بڑی اسکرین پر واپس آ گیا ہے۔ نئی فلم ’گوڈزیلا مائنس زیرو‘ میں یہ خطرناک عفریت ایک بار پھر جاپان میں تباہی مچاتا دکھائی دے گا۔
فلم کی کہانی 1949 کے جاپان میں ترتیب دی گئی ہے، جو گزشتہ فلم ’گوڈزیلا مائنس ون‘ کے واقعات کے تقریباً دو سال بعد کا زمانہ ہے۔
کہانی کے مطابق جاپان دوسری جنگِ عظیم کی تباہ کاریوں سے نکلنے کی کوشش کر رہا ہوتا ہے کہ گوڈزیلا کی واپسی ایک نئے بحران کو جنم دے دیتی ہے۔
اس بار بھی جاپانی عوام کو ایک ایسے دیوہیکل خطرے کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس سے نمٹنا تباہ حال ملک کے لیے ایک بڑا امتحان بن جاتا ہے۔
فلم میں تباہی، سسپنس، جدید بصری اثرات اور انسانی بقا کی جدوجہد کو نمایاں کیا گیا ہے۔
اس فلم سے شائقین کی توقعات اس لیے بھی زیادہ ہیں کہ اس کی پچھلی فلم ’گوڈزیلا مائنس ون‘ نے آسکر ایوارڈ حاصل کیا تھا۔
نئی فلم کے ٹریلر نے بھی فلم بینوں میں خاصی دلچسپی پیدا کی ہے۔ فلم کی کامیابی کا اندازہ اس کی نمائش کے بعد باکس آفس کے نتائج سے ہوگا۔





