وفاقی حکومت نے وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت نوجوانوں کے لیے قرضوں کی زیادہ سے زیادہ حد بڑھا کر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کردی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اسکیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور نوجوانوں کے لیے قرضوں کی حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے قرض حاصل کرنے کے لیے کم از کم عمر کی حد 21 سال سے کم کرکے 18 سال کرنے کی ہدایت بھی کی۔
بیان کے مطابق اسکیم کے تحت کاروبار اور زرعی سرگرمیوں کے لیے آسان اقساط پر قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ رواں سال قرضوں کے لیے 292 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسکیم میں خواتین کے لیے 30 فیصد قرضے مختص کیے جائیں تاکہ انہیں کاروباری سرگرمیوں میں شمولیت اور معاشی خودمختاری کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔
حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے، موجودہ کاروبار کو وسعت دینے اور زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنا ہے۔





