پاکستان اور سوڈان کے درمیان ویزا فری معاہدہ، سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کو سہولت مل گئی۔

پاکستان اور سوڈان نے دونوں ممالک کے سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کو ویزا سے استثنیٰ دینے کے معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔

سرکاری میڈیا رپورٹس کے مطابق معاہدے پر پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل باباکر سمرا مصطفیٰ علی نے دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد ایک دوسرے کے ملک میں ویزا کے بغیر داخل ہوسکیں گے۔

دونوں وزرائے داخلہ نے اس معاہدے کو دوطرفہ تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیا۔ محسن نقوی کے مطابق اس سے اعلیٰ سطح کے روابط اور سرکاری وفود کے تبادلوں میں مزید سہولت پیدا ہوگی۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے سیکیورٹی، داخلی امور، سائبر کرائم، پولیس ٹریننگ، نادرا اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

پاکستان نے سوڈان کو سول رجسٹریشن کے نظام میں مزید تعاون اور پولیس افسران کی پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔

واضح رہے کہ یہ معاہدہ عام پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے تمام شہریوں کے لیے ویزا فری سفر کی سہولت نہیں دیتا، بلکہ اس کا اطلاق سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں پر ہوگا۔