وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر راج سے پہلے جے یو آئی والے کہتے تھے کہ ہماری ان سے جان چھڑوائیں۔
سینیٹ میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر مولانا فضل الرحمان کا احترام کرتے تھے، لیکن ان کے حالیہ بیان نے احترام کی گنجائش نہیں چھوڑی۔
وزیر داخلہ نے مولانا فضل الرحمان کے ریاست سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جب تنقید کی جاتی ہے تو اس کا جواب سننے کی ہمت بھی ہونی چاہیے۔ ان کی تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان نے ایوان میں شور شرابا بھی کیا۔
محسن نقوی نے ایران کے دورے سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دورہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے نہیں تھا۔ ان کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے یہ کہہ کر غلط بیانی کی کہ وہ دفاعی معاہدے کے لیے ایران گئے تھے۔





