کراچی: پاکستان میں سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 2,500 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 22 ہزار 36 روپے کا ہوگیا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں 2,144 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 61 ہزار 827 روپے ہوگئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی، جہاں فی اونس قیمت 25 ڈالر گھٹ کر 3,995 ڈالر پر آگئی۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ فی تولہ چاندی 7 روپے سستی ہو کر 5,858 روپے جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 6 روپے کمی کے بعد 5,022 روپے ہوگئی۔ عالمی مارکیٹ میں چاندی کی فی اونس قیمت 53.80 ڈالر رہی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 7,000 روپے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 6,001 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
ماہرین کے مطابق عالمی معاشی حالات، امریکی ڈالر کی قدر، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کے رجحانات سونے کی قیمتوں پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ پاکستان میں عالمی نرخوں کے ساتھ روپے اور ڈالر کی شرح تبادلہ بھی مقامی قیمتوں کے تعین میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔





