وفاقی حکومت نے 24 سے 26 اکتوبر 2026 تک کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل مزید مہنگا کر دیا گیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 377 روپے 71 پیسے برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 91 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 393 روپے 66 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق نئی قیمتوں کا تعین عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

ڈیزل کی قیمت میں اضافے سے مال برداری، ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبے کے اخراجات پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے، جس کے اثرات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

حکومت کی جانب سے جاری کردہ یہ قیمتیں 24 اکتوبر سے 26 اکتوبر 2026 تک نافذ العمل رہیں گی۔