وزیراعظم شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، ہاؤسنگ اور زراعت کو ملکی معیشت کی ترقی کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو قرضوں کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد میں ترجیحی شعبوں کو قرضوں کی فراہمی میں سہولت سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے وزیر خزانہ کو فنانسنگ کے مسائل حل کرنے اور جامع لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے اسٹیٹ بینک اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو چھوٹے کاروباروں اور برآمدکنندگان کے ٹیکس مسائل حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ معیشت میں بہتری لانا اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت، برآمدات میں اضافے اور روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے زراعت کو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے زرعی اجناس کی قدر میں اضافے کے ذریعے برآمدات بڑھانے پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنا گھر اسکیم سے تعمیرات اور اس سے منسلک صنعتوں کو فروغ مل سکتا ہے۔ وزیراعظم نے قرضوں کی فراہمی میں سست روی اختیار کرنے والے بینکوں کے حوالے سے سخت رویہ اپنانے کی ہدایت بھی کی۔





