کراچی میں جاپانی فنکاروں کے ایک گروپ نے یتیم اور مستحق بچوں کے ساتھ ایک خصوصی ڈانس ورکشاپ کا انعقاد کیا، جہاں بچوں نے نہ صرف جاپانی فنکاروں کی پرفارمنس دیکھی بلکہ ان کے ساتھ رقص بھی کیا۔

یہ تقریب پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن سندھ نے کراچی میں جاپان کے قونصل خانے کے تعاون سے منعقد کی۔ اس میں ایڈھی ہوم اور کیرن فاؤنڈیشن کے بچوں نے شرکت کی۔

جاپان کا مشہور ڈانس گروپ Atsushi Crew ان دنوں کراچی میں موجود تھا، جہاں وہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کے تیسرے ایڈیشن میں شرکت کے لیے آیا ہوا تھا۔

گروپ نے بچوں کے لیے خصوصی پرفارمنس پیش کی اور بعد میں انہیں مختلف ڈانس موومنٹس سکھائیں۔ بچوں نے جاپانی فنکاروں کے ساتھ رقص کیا، جس سے تقریب میں خوشی اور مسکراہٹوں کا ماحول پیدا ہو گیا۔

اس تقریب میں جاپان کے قونصل جنرل مسارو ہٹوری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن سندھ کی صدر سعدیہ راشد اور ایڈھی فاؤنڈیشن کے فیصل ایڈھی بھی موجود تھے۔

تقریب کا سب سے دلچسپ پہلو جاپانی فنکاروں کا پاکستان کے بارے میں اظہار خیال تھا۔

گروپ کے سربراہ آتسوشی سوزوکی اور ان کے ساتھیوں نے بتایا کہ پاکستان آنے سے پہلے ان کے ذہن میں اس ملک کا تصور زیادہ تر منفی خبروں سے بنا تھا، لیکن یہاں پہنچ کر انہیں پاکستانی عوام کی محبت، مہمان نوازی اور دوستانہ رویے نے حیران کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ملنے والی عزت اور محبت نے ان کے خیالات بدل دیے ہیں۔

یہ تقریب صرف ایک ثقافتی سرگرمی نہیں تھی بلکہ پاکستان اور جاپان کے عوام کے درمیان دوستی اور باہمی احترام کی ایک خوبصورت مثال بھی بن گئی۔