ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے جماعت نہم سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ ریگولر طلبہ کے نتائج جاری کرتے ہوئے بورڈ نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
ناظم امتحانات احمد خان چھٹو کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، امتحانات کے لیے مجموعی طور پر ایک لاکھ 80 ہزار 54 طلبہ و طالبات نے رجسٹریشن کرائی تھی، جن میں سے ایک لاکھ 77 ہزار 923 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے، جبکہ 2 ہزار 131 غیر حاضر رہے۔
نتائج کے مطابق کامیابی کا مجموعی تناسب 69.56 فیصد رہا۔ تمام چھ پرچوں میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار 757 رہی، جبکہ 53 ہزار 849 طلبہ و طالبات ناکام قرار پائے۔
بورڈ کے چیئرمین پروفیسر مشرف علی راجپوت نے کامیاب طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نتائج میں شفافیت بورڈ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔





