اٹلی میں تقریباً 6,300 سرکاری اسکولوں کو بم دھماکوں کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر تعلیمی اور سکیورٹی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ اسی نوعیت کے پیغامات آئرلینڈ، شمالی آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے سیکڑوں اسکولوں کو بھی بھیجے گئے۔

فرانسیسی اخبار لی موند کے مطابق 11 نومبر کو اٹلی کے ہزاروں اسکولوں کو موصول ہونے والی دھمکیوں کے بعد متعدد مقامات پر انخلا کیا گیا اور پولیس تعینات کردی گئی۔ حکام نے ابتدائی طور پر ان دھمکیوں کو غیر معتبر قرار دیا اور عوام کے لیے کسی فوری خطرے کی تصدیق نہیں کی۔

اطلاعات کے مطابق دھمکی آمیز ای میلز ایک ہیک کیے گئے تائیوانی یونیورسٹی اکاؤنٹ سے بھیجی گئی تھیں۔ اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے واقعے پر وزرا اور انٹیلی جنس حکام کا اجلاس بھی طلب کیا۔ حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا یہ منظم سائبر کارروائی تھی یا خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش۔