پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز کاروبار کے دوران تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا، تاہم مارکیٹ ایک لاکھ 80 ہزار پوائنٹس کی سطح برقرار رکھنے میں ناکام رہی۔

کاروباری دن کا آغاز بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں تقریباً 500 پوائنٹس کی کمی سے ہوا، تاہم گزشتہ روز کی غیر معمولی تیزی کے بعد سرمایہ کاروں کی جانب سے مزید خریداری کے باعث انڈیکس میں تقریباً 1,450 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور یہ ایک لاکھ 80 ہزار 769 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔

تاہم کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ دوبارہ منفی زون میں چلی گئی اور انڈیکس 251 پوائنٹس کی کمی کے بعد ایک لاکھ 79 ہزار 83 پوائنٹس پر بند ہوا۔

دورانِ کاروبار حصص بازار میں تقریباً سوا ارب شیئرز کے سودے 41 ارب روپے میں طے پائے، جبکہ مارکیٹ کی مجموعی مالیت میں 20 ارب روپے کا اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر 19 ہزار 376 ارب روپے ہوگئی۔